بھٹکل 11 ڈسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے دو الگ الگ جگہوں پر خودکشی کے دوواقعات پیش آئے ہیں جس میں ایک نے پھانسی پر لٹک کر خودکشی کی ہے تو دوسرے نے زہر کھاکر خودکشی کی ہے۔
خودکشی کی پہلی واردات جمعہ صبح قریب سات بجے سامنے آئی جب کارگیدے کے قریب ہورلی سال میں ایک کنویں کے ڈنڈے سے ایک شخص کی نعش لٹکتی ہوئی پائی گئی۔
مہلوک کی شناخت ہوناور تعلقہ کے کاسرگوڈ کے رہائشی اسماعیل حسن صاب (55) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ رتناگری میں ماہی گیری بوٹ پر کا کام کرتا تھا، گذشتہ کچھ دنوں سے ذہنی طور پر کافی پریشان تھا۔ بھٹکل ہورلی سال میں ایک کرائے کے مکان پر رہائش پذیر تھا۔ گھر کے ہی کمپاونڈ میں واقع کنویں کے ڈنڈے سے لٹکتا ہوا پایا گیا۔
خودکشی کی دوسری واردات تعلقہ کے یلوڈی کاوور سے سامنے آئی ہے جہاں ایک 32 سالہ شخص نے زہر کھا کر خودکشی کی ہے۔ مہلوک کی شناخت انپّا چنّپا نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پیشہ سے کسان انپّا اپنے والد اور بھائی کی بیماری کو لے کر پریشان تھا اور کافی قرضہ بھی لے رکھا تھا، سمجھا جاتا ہے کہ حالات سے گھبرا کر اس نے زہر لے لیا۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں دونوں معاملے درج کئے گئے ہیں۔